counter easy hit

سانحہ شکارپور: مجلس وحدت مسلمین کا آج سندھ میں ہڑتال کا اعلان

MWM

MWM

کراچی (یس ڈیسک) سانحہ شکار پورکے خلاف مجلس وحدت مسلمین نے آج سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔جبکہ شیعہ علما کونسل اور جعفریہ الائنس نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، الطاف حسین نے کارکنوں کو آج ملک بھر میں سیاہ جھنڈے لہرانے کی ہدایت کی ہے۔ کمیلی ہائوس کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے سانحہ شکارپور کیخلاف آج ملک بھر میں ہڑتال اور 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کی طرح سندھ میں بھی آپریشن ضرب عضب ضروری ہے، موجودہ حالات میں جمہوریت کی نہیں مارشل لاء کی ضرورت ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ فرقہ واریت اورنفرت کی دکانیں چلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے ورنہ لوگ خود گھروں سے نکل آئیں گے اور ملک جنگل میں بدل جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ شکارپور پر سندھ بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سید قائم علی شاہ نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سندھ کے تمام کارکن یوم سوگ کے موقع پر بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سوگ منانے کے اعلان کی حمایت کی ہے اور پاکستان بھر میں عوام سے کہا ہے کہ وہ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں۔