راولپنڈی(ویب ڈیسک) جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں مون سون کی موسلا دھار بارش کے باعث نالے کے کنارے پر بنے مکان میں سوئے 6 افراد عمارت منہدم ہونے سے برساتی پانی میں بہہ گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے نکال لیں گئیں جب کہ 2 افراد کو سرچ آپریشن کے بعد بچا لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے نتیجے میں مورگاہ میں واقع نالے کے کنارے پر بنا مکان منہدم ہوا اور عمارت میں سوئے 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے پانی سے نکالی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نالے میں بہہ جانے والے 4 افراد میں ایک عورت، بچہ، 21 سالہ عنایت شاہ اور 10 سالہ وہاب شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ماں اور بچے کو سرچ آپریشن کرکے زندہ بچا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان ضلعی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ راولپنڈی کٹاریاں میں ساڑھے گیارہ فٹ اور گوالمنڈی میں پانی 8 فٹ تک بلند ہو چکا۔ ادھر موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے نیا سپیل عید تک جاری رہے گا۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل جم کر برسیں گے۔ پشاور، ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ بارش کے نئے سسٹم کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بلوچستان میں قلات، سبی، ژوب اور نصیر آباد میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ دوسری طرف خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بن گیا ہے جس کی وجہ سے 9 سے 13 اگست تک کراچی سمیت میر پور خاص، ٹھٹہ، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔