لاہور……ریلوے حکام نے قراقرم اور گرین لائن کےبعد بزنس ٹرین کے کرائے میں بھی 4سے 25 فیصد اضافہ کردیا ہے جس کا اطلاق 8 فروری سے ہوگا، مسافروں نے کرایوں میں اضافے پر شدیدتحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے ایک بار پھر ٹرینوں کی تزئین وآرائش اور دیگرسہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ہی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، بزنس ایکسریس ٹرین میں وائی فائی، منرل واٹر اور ایل ای ڈی جیسی سہولتیں فراہم کرکے ائیر کنڈیشنڈ کوچز کے کرائے میں 4سے 14فیصد اضافہ جبکہ اکانومی کلاس کا کرایہ 25 فیصد بڑھادیا گیا ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صرف اُن ٹرینوں کے کرائےبڑھا ئے جارہے ہیں جن میں جدید سفری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، بزنس ٹرین کی اپ گریڈیشن پر 7کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔بزنس ٹرین لاہور اور کراچی سے سہ پہر ساڑھے تین بجے چل کر ساڑھے 17گھنٹے میں اپنی منزل پر پہنچا کرے گی۔مسافروں کا کہنا ہے کہ دوران سفر ٹرین میں بنیادی سفری سہولتیں فراہم کرنا ریلوے کی ذمہ داری ہے، اس مقصد کیلئے کرایوں میں اضافہ کرنا مناسب نہیں۔