لاہور: لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں واقع پھاٹک پر ٹرین کا رکشےاور موٹرسائیکلوں کے ساتھ زور دار تصادم ہوا ہے جس کی زد میں آ کر خاتون کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے تاہم عینی شاہدین کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے جبکہ کم از کم 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی تیز گام ٹرین کوٹ لکھپت پھاٹک سے گزر نا کہ اس دوران پھاٹک کھلا رہ گیا اور کھلے پھاٹک سے ریلوے لائنیں عبور کرتا ہوا رکشہ اور متعدد موٹر سائیکلیں اس کی زد میں آ گئیں جس کے باعث ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم عینی شاہدین کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ تصادم نہایت زور دار تھا ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو قریب ہی واقع جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ پولیس کا کہناہے کہ ٹرین کی موٹروہیکلز سے ٹکر پھاٹک کھلا رہنے کی وجہ سے پیش آیا، لوگ معمول کے مطابق کھلا پھاٹک دیکھ کر دائیں بائیں دیکھے بغیر پھاٹک میں آکر ٹرین کی زد میں آگئے ، پھاٹک پر موجود ریلوے کا عملہ غائب ہے، اس لیے ابتدائی طورپر مزید تفصیلات دستیاب نہیں، تفتیش مکمل ہونے پر میڈیا کو آگاہ کریں گے۔