امریکی گلوکارہ سیلینا گومز نے عوام کے سامنے نہ آنے کی وجہ کا حیران کن انکشاف کیا ہے، انہوں نے کہا کہ لوپس کے مرض کی وجہ سے ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ ہوا ہے جبکہ انہیں گردہ عطیہ کرنے والی ان ہی کی قریبی دوست فرانسیا رئیسہ ہیں۔
25 سالہ گلوکارہ نے کہا کہ ٹرانسپلانٹ کی وجہ سے وہ اپنے نئے میوزک کی تشہیر بھی نہیں کرسکیں، مرض کی وجہ سے گزشتہ برس انہوں نے اپنا دورہ بھی مختصر کردیا تھا۔ گلوکارہ نے اپنی دوست اداکارہ فرانسیا رئیسہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا گردہ انہیں عطیہ کیا، میری بہن مجھے تم سے بہت پیار ہے۔ گلوکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اور فرانسیا رئیسہ اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ایک اور تصویر میں گلوکارہ کا سرجری کے بعد زخم دکھائی دے رہا ہے۔ سیلینا گومز نے 2015 میں بھی پہلی بارانکشاف کیا تھا کہ 2013 میں مزمن سوزش کے مرض کی وجہ سے ان کی کیمیو تھراپی ہوئی تھی۔ گلوکارہ کا نیا گانا’ فیٹش ‘کو مداحوں نے بے حد پسند کیا ہے، وہ جلد ہی نئی ہالی ووڈ فلم میں نظر آئیں گی۔