ہرارے: پاکستان نے زمبابوے کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر میزبان ٹیم کو سیریز کے فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
شاہینوں نے فخر زمان کے 47، حسین طلعت کے 44 اور کپتان سرفراز احمد کے 38 رنز کی بدولت 163 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔
قبلِ ازیں زمبابوے نے سولومون میر کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کی بدولت پاکستان ٹیم کو جیت کے لیے 163 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اپنے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر ہدف کا تعاقب کرنے کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر سولومون میر کی شاندار 94 رنز کی مدد سے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 162 رنز کا مجموعہ بنانے میں کامیاب رہا۔
پاکستان کی جانب سے حسین طلعت، محمد عامر، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ زمبابوےکے سولومون میر 94رنز بنا کر پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے، ان سے قبل پاکستان کے خلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ایوان لوئس کے پاس تھا جنہوں نے پورٹ آف اسپین میں 91 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلی جانے والے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں اور اوپنر محمد حفیظ کی جگہ پر حارث سہیل جبکہ عثمان شنواری کی جگہ پر محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
زمبابوے کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ٹیم میں سِفاس زہواؤ، میلکم والر، ویلنگٹن مساکڈزا اور کرس پوفو کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔
واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم شکست سے دوچار ہوکر سیریز کے فائنل میچ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے ریکارڈ ساز میچ میں میزبان زمبابوے کو 100 رنز سے شکست دے دی تھی۔
آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے 172 رنز اسکور کرکے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ ڈی آرسی شارٹ کے ساتھ پہلی وکٹ پر 223 رنز کی شراکت کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
خیال رہے کہ زمبابوے کی ٹیم اپنے پہلے 2 مچز میں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف ناکامی سے دوچار ہوچکی ہے جبکہ پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔