نیویارک…….امریکا میں صدارتی انتخابات کے ری پبلکن خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جنوبی کیرولائنا کے بعد فلوریڈا میں بھی مظاہرین نے انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران احتجاج کرکے ٹرمپ کو پریشان کردیا۔
فلوریڈا میں کے شہر ٹیمپامیں ریلی کے دوران مظاہرین نے ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیانات کے خلاف احتجاج کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران مظاہرین نے شور شرابہ کیا اور نعرے لگائے جس کے باعث تقریر میں بدمزگی پیدا ہوئی۔ تاہم مظاہرین کو ریلی سے باہر نکال دیا گیا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی ریلیاں ہمیشہ پرامن رہی ہیں لیکن میڈیا تشدد پھیلا رہا ہے۔اس سے قبل شمالی کیرولینا کے شہر ہیکری میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے موقع پر مظاہرہ کیا گیا۔ٹرمپ کے حامی اور مخالفین آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کے خلاف خوب جملے بازی کی۔اس سے پہلے بھی شگاگو میں پر تشدد احتجاج کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی انتخابی ریلی منسوخ کرنا پڑی تھی۔