اسلام آباد / جندول: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے امریکی صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خبر دارکرتے ہوئے کہا ہے پاکستان جذبہ جہاد اور شوق شہادت کا نام ہے، 65ء والا جذبہ آج بھی زندہ ہے، ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دینگے۔
ملکی بقا و سالمیت کے لیے قوم متحد و متفق ہے، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کوانتہائی عبرتناک انجام سے دوچارہونا پڑے گا۔ ثمر باغ جندول میں 6 ستمبر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کیلیے ہمارے آبائو اجدادنے بیش بہا قربانیاں دیں اور اب بھی ملک کی حفاظت کے لیے ہمارے نوجوان پرعزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جہاں جانوروں کے ساتھ معمولی ظلم پر لوگ آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں وہی میانمار میں جاری ظلم اور دہشت گردی پر پوری دنیا خاموش ہے؟، 8 ستمبر کو لاہور تا اسلام آباد مارچ اور 11ستمبر کو پاکستان میں میانمار کے سفارتخانے کا گھیرائو کرینگے۔