امریکہ (اقبال کھوکھر) گلوبل کرسچن وائس کی صدر زیباگل نے گزشتہ روز ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعدمیڈیا کو جاری اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ ہمارے لئے اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے ہم نے بھرپور طریقے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم میں حصہ لیا۔
ہمیں جو ذمہ داری سونپی گئی اسے نبھانے کے لئے بے پناہ چیلنجز کاسامنا بھی کرناپڑا۔کیونکہ پاکستان سے آئے پناہ گزینوں کے معاملے میں ڈونلڈٹرمپ کے بارے میں ایک خاص لابی نے منفی تاثر یہ قائم کرنے کی کوشش کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ غیرمسیحیوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں مگر ایسی کوئی بات نہیں اصل میں ڈونلڈ ٹرمپ ہماری پارٹی ڈیموکریٹک کی پالیسی کے تحت امریکہ سمیت کسی بھی مقام،خطے میں غیرقانونی وغیراخلاقی سرگرمیوں کے مخالف ہیں اور دنیامیں امن وسلامتی کے لئے دہشت گردی وانتہاپسندی کے خلاف ایک مضبوط اور واضح موقف رکھتے ہیں۔
وہ کسی بھی مذہب یاریاست کے مخالف نہیں بلکہ کھرے اور صاف ذہن کے ساتھ امریکی عوام کے مستقبل اور دنیامیں امریکی پالیسیوں کے درست نتائج وبہترثمرات کے خواہشمند ہیں اور ہم امید کرسکتے ہیں کہ وائٹ ہائوس سے ہمیشہ دنیاکی بھلائی کے فیصلے جاری ہوں گے۔
گلوبل کرسچن وائس کے امریکہ میں کوارڈینیٹر روحیل سیموئیل سمیت تمام عہدیداران نے ڈونلڈ ٹرمپ کو شاندارکامیابی پر مبا رکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیںقوی یقین ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے خواب پورے کریں گے۔صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعدڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ہیلری کلنٹن کی جس طرح تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہیلری نے ملک کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔
انہوں نے سخت مقابلہ کیا ،میں اپنے ڈیموکریٹ ساتھیوں سے کہوں گا کہ وہ امریکا کے لیے متحد ہوجائیںاور متحد ہوکر امریکا کے خواب پورے کریں گے، بلارنگ، نسل و مذہب امریکیوں کی خدمت کریں گے۔امریکا میں نئے تعمیراتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ یہ اظہار ایک سلجھے انسان اور بہترلیڈرکی نشانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی عوام متحد ہوجائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ عوام کی حمایت اور رائے کے ساتھ کام کریں گے۔صدرزیباگل نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ کوئی خواب کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، محنت اورکوشش سے سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔