امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ اسرائیل پر فلسطینی سراپا احتجاج ہیں ۔ احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گیارہ فلسطینی زخمی ہوگئے۔
امریکی صدر کا دو روزہ دورہ اسرائیل جاری ہے ۔اس موقع پر اسرائیلی قبضے کے خلاف فلسطین کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مارچ کیے گئے ۔ اسرئیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی بھوک ہڑتال کو چھتیس دن گزرنے پر مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے’یوم غضب ‘منایا ۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی اور امریکی پرچم نذرآتش کئے۔ احتجاج میں بچے بھی شریک تھے جنھوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پرامریکا اور اسرائیل مخالف نعرے بھی درج تھے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے امریکی صدر کی تصویروں والے پتلے بھی جلائے گئے۔