لاہور (یس ڈیسک) سونامی نے لاہور کا نظام زندگی درہم برہم کر دیا، پورا شہر اٹھائیس مقامات سے بند، بھاٹی چوک پر مظاہرین اور شہریوں میں تصادم، ایک شخص کی دھلائی ہو گئی، شاہ عالم مارکیٹ اور ٹھوکر پر بھی جھگڑے، جی پی او چوک پر شہری نے موٹر سائیکل احتجاجی کارکن پر چڑھا دی۔
شہر میں ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں، مریض اور رشتے دار پریشان ، ہنگامی آرائی کے بعد میٹرو بس سروس بند ، کپتان سے والہانہ لگاؤ کی وجہ سے جی پی او چوک پر 10 سالہ بچہ پیٹ پر پتھر باندھ کر لیٹ گیا۔
داخلی اور خارجی راستے بلاک ، کارکنوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز چودھری کی گاڑی مال روڈ پرپھنس گئی، پروٹو کول سیکورٹی نے بمشکل راستہ بنا کر جسٹس اعجاز چودھری کو سپریم کورٹ رجسٹری پہنچایا۔ پاکستان تحریک انصاف نے پلان سی کے تحت لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو اٹھائیس مقامات سے بند کیا۔ جا بجا سڑکوں پر جلتے ٹائروں اور ان سے اٹھتے سیاہ دھویں نے سانس لینا محال کر دیا۔
کارکنوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک بند کر دی۔ پی ٹی آئی کے کار کنوں کا مال روڈ پر پوری طرح ہولڈ ہے ۔ مال روڈ بند ہونے کے باعث سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز چودھری کی گاڑی راستہ بند ہونے کی وجہ سڑک پر پھنس گئے جنہیں پروٹوکول سیکورٹی نے بمشکل راستہ بنا کر سپریم کورٹ رجسٹری پہنچایا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف جانے والے راستوں کو سیکورٹی کی غرض سے بند کر دیا گیا۔ جی پی او چوک میں وکلا نے سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ بند کر دیا اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے ۔ کارکنوں نے مال روڈ نہر کے پل اور لبرٹی گول چکر پر ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی جس کی وجہ سے لبرٹی گول چکر سے متصل تمام راستے بند ہوگئے ۔ بھٹہ چوک کے احتجاجی دھرنے سے ڈیفنس کی طرف جانے والے راستے بلاک ہوگئے ۔ چونگی امرسدھو اور فیروز پور روڈ بلاک ہونے کی وجہ سے لاہور سے قصور آنے جانے والا راستہ بند ہوگیا ۔ ماڈل ٹاؤن ، اتفاق ہسپتال کاراستہ بھی بلاک ہے۔ ملتان روڈ پر چوک یتیم خانہ کو ٹائر جلا کر بلاک کر دیا گیا۔جس کی وجہ سے رائےونڈ منصورہ ، ملتان چونگی کی طرف جانے والا راستہ بند ہے۔
ٹھوکر چوک بند ہونے سے موٹر وے اور ملتان روڈ کے داخلی و خارجی راستے بلاک ہیں ۔ شاہدرہ چوک پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی گئی جس کے باعث رنگ روڈ ، بتی چوک ، مینارپاکستان کو جانے والے جبکہ بھیکے وال چوک پر دھرنے کے باعث اقبال ٹاؤن سمیت اردگرد کی آبادیوں کو جانے والے اور اکبر چوک پر ہونے والے احتجاج سے ٹاؤن شپ ، جوہر ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن آنے اور جانے والے راستے بند ہیں۔