پیرس : ورلڈ ڈیموکریٹک فورم فرانس کے صدر میاں امجد نے ترکی کے صدر طیب اردگان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنی منتخب قیادت کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے فوجی بغاوت کو ناکام بنا دیا ہے جس سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ حقیقی جمہوری قیادت کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
اپنے ایک بیان میں ترکی میں فوجی بغاوت پر افسوس اور اسے ناکام بنانے پر عوامی ردعمل پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام، سیاسی کارکنوں اور سیاسی جماعتوں سے جمہوری روایات کو مضبوط بنانے کی اپیل کی ہے۔
میاں امجد نے کہا کہ جمہوریت ہی اداروں کو مضبوط بناسکتی اور عالمی سطح پر عوامی نمائندگی تسلیم کرواسکتی ہے، جس میں لوگوں کی آرا شامل ہوتی ہیں۔ جبکہ شخصی آمریتوں نے قوموں اور ممالک کو ہمیشہ نقصان ہی پہنچایا ہے، آمریت قوم کے اجتماعی ضمیر کی آواز اور نمائندگی نہیں ہوتی۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اکثر مسلم ممالک میں خاندانی بادشاہتیں ہیں، لیکن جہاں جمہوریتیں ہیں وہاں بھی فوجی مداخلتیں ہوتی رہتی ہیں، جن میں ترکی اور پاکستان شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ جب حکمرانوں پر عوام کا اعتماد ہوتا ہے تو وہ جان دینے کے لئے سڑکوں پر بھی نکل آتے ہیں لیکن جب حکمران اپنے مینڈیٹ کی بجائے، ذاتی اور کاروباری مفادات کو مد نظر رکھتے ہیں تو پھر حشر مارشل لاو ں میں نظر آتا رہا ہے۔ اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔