راولپنڈی(یس نیوز)ترکی کی بری فوج کے سربراہ جنرل صالح زکی کولک نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے وسیع امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دفاع، سیکورٹی تعاون، تربیت اور خطے میں استحکام کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک کمانڈر کو پاک فوج کی آپریشنل، انٹیلی جنس اور تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترک کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر جنرل صالح ذکی نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، انہیں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔