counter easy hit

ترک اور آذربائیجان کے وزرائےخارجہ وفد کے ہمراہ اہم ترین دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے،سہ فریقی دوسرے مذاکراتی دور کا آغاز

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) ترکی کے وزیرخارجہ میولت چاؤش اوغلو آج منگل کو وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترک وزیرخارجہ دورے کے دوران صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کرینگے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاؤش اوغلواپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تین روزہ دورے پر 12 جنوری کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ ترک وزیر خارجہ پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیا ل کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ وزیراعظم اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں وزرا خارجہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کے علاوہ علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ چاوش اوغلو کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معمول کے اعلی سطحی روابط کا حصہ ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران ان کا پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترک عقیدے، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو غیرمعمولی باہمی اعتماد اور احترام سے مزید ممتاز ہوتے ہیں۔ ترجمان نے بیان میں کہا کہ پاکستان اورترکی دوطرفہ تعلقات اعلی سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے تحت ادارہ جاتی شکل پاچکے ہیں جو فیصلہ سازی کا اعلی ترین فورم ہے جو اس شراکت داری کو مزید بڑھانے میں سمت نما کا کام کرتی ہے۔ فروری 2020 میں اسلام آباد میں سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے چھٹے دور کی صدر اردوان اور وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ صدارت کی تھی۔ سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے چھٹے اجلاس کے موقع پر ’سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک‘ پر دستخط ہوئے تھے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے اکتہرنکاتی اقدامات تجویز کئے گئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکی باہمی مفاد کے امور پر اقوام متحدہ، ’او۔آئی۔سی‘ اور ’ای۔سی۔او‘ جیسے عالمی فورمز پر قریبی اشتراک عمل استوار رکھے ہوئے ہیں۔ ترکی جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کا ایک اہم رکن ہے جس نے کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کے لئے مستقل حمایت کی ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

دریں اثنا ترکی کے علاوہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا 13 جنوری کو دورہ پاکستان کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ترک اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ترک وزیر خارجہ میولت چاواشولو 13 جنوری کو پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آذری وزیر خارجہ جیہون بیراموو کی بھی وفد کے ہمراہ 13 جنوری کو ہی اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ آزری سفارت خانے نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہوں بیراموو کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے۔ دونوں مہمان وزرائے خارجہ ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ایک سہہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ اور سہہ فریقی اجلاسوں میں باہمی تعاون کے فروغ،باہمی منسلکی اور تجارت بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک اور آذری وزرائے خارجہ، وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی دیگر سیاسی و فوجی حکام سے بھی ملاقاتوں کا قوی امکان ہے۔ ملاقاتوں میں ناگورنو کاراباخ کی تاریخی فتح اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال زیر غور آئے گی۔ترکی اور آذربائیجان مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستانی موقف کی کھل کر حمایت کا اعادہ کریں گے۔ ترکی اور آذربائیجان، کشمیری بھائیوں کی ہندوستانی قبضے سے آزادی کے لیے مکمل اظہار یکجہتی کریں گے۔ ترک اور آذری وزرائے خارجہ جموں و کشمیر پر ناجائز بھارتی قبضے، ظلم و بربریت کے خاتمے پر زور دیں گے۔ تینوں ممالک تجارتی راہداری کے قیام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر بھی غور کریں گے۔ پاک، ترک، آذری مشترکہ منصوبوں کے آغازاور باہمی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website