جگہ جگہ کھانے پینے کے سٹال لگ گئے ، سیاحوں نے گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ انڈے کے آملیٹ کا لطف اٹھایا
مری (یس اُردو) بھیگے بھیگے موسم اور سرمئی بادلوں نے مری کی دلکشی بڑھا رکھی ہے ۔ عید کے دوسرے دن شہریوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار کا رخ کر رکھا ہے جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سہانے موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں ۔ ہر منظر نکھرا نکھرا ، اٹکھیلیاں کرتے سرمئی بادل ، بھیگا بھیگا موسم ، ملکہ کوہسار مری کا موسم ہے یا کسی شاعر کی غزل کا عنوان ، ملک کے مختلف حصوں سے آئی لوگوں کی بڑی تعداد مری کے دلکش موسم کا لطف اٹھا رہی ہے ۔ جگہ جگہ لگے کھانے پینے کے سٹال پر سیاحوں نے گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ انڈہ آملیٹ اڑا کر موسم کا لطف اٹھایا ۔ شوخ رنگ لباس میں ملبوس نوجوان لڑکے لڑکیوں کی ٹولیاں موسم سے لطف اندوز ہوتی نظر آئیں ۔ لڑکیوں نے سہانے موسم میں سلیفیاں بھی بنائیں ۔ مری میں ہر طرف سیاحوں کا رش ہے ۔ چھوٹا بڑا بچہ ہر کوئی سہانے موسم سے لطف اندوز ہو رہا ہے ۔