ضرورت سے زیادہ ٹی وی دیکھنے والے نوجوان منفی اور جارحانہ رویوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں
واشنگٹن : حد سے زیادہ ٹی وی دیکھنے سے نوجوانوں میں منفی جذبات پروان چڑھ سکتے ہیں ۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ بات ایک امریکی یونیورسٹی میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں کہی گئی ہے ۔ اس تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا کہ وہ نوجوان جو حد سے زیادہ ٹی وی دیکھ رہے ہیں ان میں سماجی سرگرمیوں سے بیزاری ، منفی اور جارحانہ روئیے اپنانے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں ۔ علاوہ ازیں یہ نوجوان سماجی تنہائی کا شکار بھی ہوسکتے ہیں ۔ اس تحقیق میں 13 سال کی عمر کے نوجوانوں کو شامل کیا گیا تھا ۔ تحقیق میں کہا گیا کہ 13سال کی عمر میں انسانی دماغ میں تبدیلیاں ہونا شروع ہوجاتی ہیں تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ منفی اور جارحانہ رویوں کی وجہ کیا ہے اور اس بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے ۔ نتائج کے مطابق ایسے نوجوان جو حد سے زیادہ ٹی وی دیکھ رہے تھے ان میں علیحدہ اور الگ تھلگ رہنے کیلئے پسندیدگی پائی گئی ۔