اسلام آباد(یس اردو نیوز) امریکہ میں ٹوئٹر اورفیس بک جیسی سوشل میڈیا ویب سائٹس عدم تحفظ کا شکارہوگئیں، امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی ويب سائٹس کو فراہم کردہ خصوصی تحفظ ختم کرنے کے لیے ايک حکم نامے پر دستخط کر ديے ہيں۔ اس تحفظ کے نتيجے ميں فيس بک اور ٹوئٹر جيسی کمپنيوں پر اگر کوئی تيسرا فريق کوئی مواد شيئر کرتا ہے، تو اس کی ذمہ داری ان پليٹ فارمز پر عائد نہيں ہوتی اور انہيں قانونی طور پر اس کے لیے جواب دہ نہيں بنایا جا سکتا۔ ٹرمپ کے بقول يہ تحفظ اس ليے ختم کيا جا رہا ہے کيونکہ سوشل میڈیا ادارے غير جانبدارانہ انداز میں کام نہيں کر رہے۔ حال ہی ميں ٹوئٹر نے صدر ٹرمپ کی چند ایسی ٹويٹس کی نشاندہی کی تھی، جن ميں کہی گئی باتيں حقائق پر مبنی نہيں تھیں۔ اس پيش رفت کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ سوشل ميڈيا کمپنيوں سے ناراض ہيں۔