کوئٹہ: سریاب کے علاقے میں پولیس نے 15 لاکھ روپے تاوان کے لیے اغوا کیے جانے والے بچے کو بازیاب کراتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کوئٹہ میں سریاب کے علاقے کیچی بیگ میں سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 اغوا کاروں کو گرفتار کرکے مغوی بچے کو رہا کرالیا۔ سی آئی اے پولیس نے بتایا کہ بچے کو ایک ہفتہ قبل اغواء کیا گیا تھا اور ملزمان نے اس کے والد سے 15 لاکھ روپے تاوان مانگا تھا تاہم پولیس نے ملزمان کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد کرکے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔