ہوائی: امریکا میں 60 سال تک دوست رہنے والے دو افراد آپس میں سوتیلے بھائی نکلے۔
بہتر سالہ ایلن رابنس اور 74 سالہ والٹر مک فرلین دونوں ہی امریکی جزیرے ہوائی میں 15 مہینے کے وقفے سے پیدا ہوئے۔ ان دونوں کی ملاقات چھٹی جماعت میں ہوئی جو پوری زندگی کی دوستی میں تبدیل ہوگئی۔
ان دونوں کے درمیان محبت اور اتفاق عروج پر رہا، دونوں ساتھ فٹ بال کھیلتے اور ہنسی مذاق کرتے، شادی کے بعد دونوں نے اپنے اپنے بچوں کو ایک ہی اسکول میں پڑھنے بھیجا، چھٹیوں والے دن دونوں کے اہل خانہ ایک ساتھ تفریح کے لیے جاتے۔رابنسن اور مک فرلین دونوں ہی اپنے والد سے ناواقف تھے اور یہ دونوں انفرادی طور پر اپنے والد کی کھوج میں مصروف تھے۔ کئی برس تک مک فرلین اپنے والد کی تلاش میں ناکام رہا تو اس نے بیٹی کی مدد سے ڈی این اے میچ کرنے یعنی یکسانیت تلاش کرنے والی ایک ویب سائٹ سے رابطہ کیا۔
جب اس کا ڈی این اے مکمل ہوا اور ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا بیس سے میچنگ کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کا ڈی این اے کسی روبی 737 سے بہت ملتا تھا جو ویب سائٹ پر اس شخص کا یوزرنیم تھا۔مک فرلین کی بیٹی نے مزید بتایا کہ یہ تو ان کے والد کا قریبی دوست رابنس ہے جس نے ویب سائٹ پر روبی کے نام سے اپنا ڈی این اے رکھا ہوا ہے۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ ان دونوں کی ماں ایک ہی ہے اور وہ آپس میں بھائی ہیں۔اس موقع پر مک فرلین نے کہا کہ وہ یہ سب جان کر سکتے میں آگیا اور اب دونوں ریٹائرمنٹ کے بعد ایک ساتھ رہ رہے ہیں اور اس سال کرسمس کو ان دونوں نے اپنی زندگی کی بہترین کرسمس قرار دیا ۔