ٹوکیو: جاپان کے مشہور و معروف پھل یوباری خربوزے کی جوڑی کی قیمت 34 لاکھ روپے ہے۔
خربوزہ ایک لذیذ پھل ہے جس میں موجود پانی کی مقدار جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتی ہے اور اس پھل میں موجود دیگر وٹامنز جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔ خربوزہ گرمی کے موسم میں قدرت کا انمول تحفہ ہے جو انسانی جسم کے درجہ حرات کو بھی کنٹرول کرتا ہے اور توانائی کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ جاپان میں اُگنے والے خربوزے ’یوباری‘ جہاں اپنی لذت اور غذائیت کے باعث ہر ایک کی پسند ہیں وہیں جاپان میں اسے ’اسٹیٹس سمبل‘ بھی سمجھا جاتا ہے۔
کسی پھل کو اسٹیٹس سمبل کی حیثیت حاصل ہوجانا ایک حیران کن بات ہے لیکن جاپان میں یہ ایک حقیقت ہے جس کا ثبوت حال ہی میں ٹوکیو میں ہونے والی پھلوں کی نمائش میں یوباری خربوزے کی نیلامی کے دوران دیکھا جا سکتا ہے جہاں اس پھل کے ایک دلدادہ شخص نے یوباری خربوزے کی ایک جوڑی 34 لاکھ روپے میں خرید لی۔ ایک درخت میں اگنے والی اس جوڑی کی ساخت اور رنگ دیگر یوباری خربوزے سے قدرے مختلف بھی ہے جو اس کی انفرادیت کی وجہ بنی۔
تاہم جاپان میں یوباری خربوزے کو عام طور پر ’’ پُر تعیش اشیاء‘‘ کے طور پر جانا جاتا ہے لوگ تحائف کے طور پر ایک دوسرے کو یوباری خربوزے پیش کرتے ہیں جو کافی بیش بہا قیمت ہوتے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جاپان میں ایک کار کی قیمت اس خربوزے کی قیمت کے برابر ہے۔ یہ ایک ہائبرڈ پھل ہے جسے خربوزوں کی دو الگ الگ قسم کے اختلاط سے تیار کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ دو سال قبل مئی 2016 میں ہونے والی نیلامی میں بھی یہ پھل 27 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔