مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر ضلع پلواما کے علاقے بہامنو میں ایک گھر کا محاصرہ کیا جس کے بعد وہاں موجود 2 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ بھارتی فوج کی گولیوں سے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت کفایت اور جہانگی کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ مقامی پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی فورسز کی بربریت کے خلاف وادی کے مختلف علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور قابض فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس کے جواب میں قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پیلٹ گن کا استعمال کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کئی مقامات پر مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جب کہ ضلع بارمولا کے علاقے پٹن میں بھارتی فوج کی گاڑی نے کنٹریکٹر غلام حسن راشی نامی شخص کو کچل دیا۔