سمانتھا جونز کی سہیلی نے اس کے دو ماہ کے بیٹے کو ”ہیلو ” کہہ کر پکارا جس کے جواب میں بچے نے بھی ”ہیلو ” کے لفظ ادا کئے ، فیس بک پر ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں
نیویارک: اگر آپ سے کوئی کہہ دے کہ دو ماہ کا بچہ ماں کے کسی لفظ کو دہرا سکتا ہے تو پہلے آپ حیرانی سے اسے دیکھیں گے اور پھر یقیناً اُس کا مذاق بھی اڑائیں گے ۔ ویسے تو عام طور پر کوئی بھی بچہ 8 ماہ کے بعد ہی ایسے غوں غاں (بولنا) کرنا شروع کر دیتا ہے جو صرف اُس کی ماں یا والد کو سمجھ آئے تاہم وہ ڈیڑھ سال کا ہونے تک ایسے الفاظ ادا کرتا ہے جو لوگوں کو بآسانی سمجھ آجاتے ہیں تاہم ان کی ادائیگی صاف نہیں ہوتی ۔ لیکن امریکہ سے تعلق رکھنے والی سمانتھا جونز نامی خاتون اپنی سہیلی کیساتھ ویڈیو شیئرنگ پر بات چیت کر رہی تھیں کہ اُن کی دوست نے سمانتھا کے بیٹے کو ’’ہیلو ‘‘بولا جس کے بعد 2 ماہ کے بچے نے دونوں کو حیرانی میں مبتلا کر دیا ۔ کرسٹین کے ہیلو بولنے پر 2 ماہ کے بچے نے مسکرانے یا قہقہہ لگانے کے بجائے اُس لفظ کو دہرا کر دونوں خواتین کو حیران کردیا ۔ اس کا کہنا ہے میرا خیال تھا کہ وہ میرے مخاطب کرنے پر مسکرائے گا مگر اُس نے صاف الفاظ دہرائے جو میرے لیے حیران کن تھے ۔ اس عمل کے بعد سمانتھا کی دوست نے زور دیا کہ وہ اس حیران کن ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کرے جس کے بعد اُس نے ویڈیو کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کر دیا ، چند دنوں میں لاکھوں افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں ۔ عوام کا مثبت ردعمل ملنے پر سمانتھا کا کہنا ہے میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے فیس بک کی کسی پوسٹ پر 100 سے زائد لائیکس بھی مل سکیں گے یہاں تو لاکھوں لوگوں نے میری پوسٹ کو پسند کیا ہے ۔