کراچی سینٹرل جیل میں دو دن پہلے دہشتگردی کے خلاف مشق ہوئی اور آج دو خطرناک قیدی فرار ہو گئے۔ صوبائی وزیر قانون کے حکم پر سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 12 اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
کراچی: سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم جماعت کے دو خطرناک دہشتگرد فرار ہو گئے۔ دونوں قیدی سینٹرل جیل میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے آئے تھے۔ ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی افسر فیاض خان نے گرفتار کیا تھا۔ دونوں ملزموں کا تعلق نعیم بخاری گروپ سے تھا، جو فرقہ وارانہ قتل اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔ احمد منا کو ایک کیس میں دس سال قید کی سزا بھی ہو چکی تھی۔ وزیر قانون و جیل خانہ جات کے حکم پر سینٹرل جیل کے 12 اہلکارروں کو گرفتار کر لیا گیا، ان میں جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی جیل سپریٹنڈنٹ بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی مدعیت میں ملزمان اور جیل کے 12 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔