ننکانہ صاحب(عبدالغفار چوہدری) صوبائی بیت المال پنجاب میں گزشتہ دو سال سے مستحق افراد کو کوئی مالی امداد نہیں دی گئی،جبکہ ضلعی سطح پر بیت المال کمیٹیوں کا قیام بھی عمل میں نہیں لایا جاسکا بتایا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر بیت المال کے دفاتر میں عملہ تو تعینات ہے اور غریب بیوہ یتیم اور مستحق خواتین و مرد دو سال سے مالی امداد کے حصول کیلئے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں مگر مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہ کر سکے ہیں دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کے مالی امداد کے جعلی فارم فروخت کرنے اور سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے گروہ دیہات تک پہنچ گئے ہیں اور فی فارم ایک سو سے تین سو روپے تک فروخت کیاجارہاہے اور روزانہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام ہزاروں فارم ارسال کئے جا رہے ہیں حیران کن امر یہ ہے کہ اس سلسلے میں نہ تو حکومت پنجاب نے وضاحت کی ہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ نوٹس لے رہی ہے عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سادہ لوح مرد و خواتین کو لوٹنے والے ایسے عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے اور حکومت پنجاب اس بارے واضح اعلان کرے