اسلام آباد(ایس ایم حسنین)اسلام آباد میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کی جانب سے ملازمین اور عہدے داران کو کورونا سے بچائو کی ویکسین لگادی گئی۔سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معاشرتی ذمہ داری سے وابستگی کی بنیاد اور معاشرے کی صحت کے تحفظ كیلئے کی جانے والی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرنے كیلئے سفارت خانے کے تمام ملازمین اور عہدیداروں كو انسداد کورونا ویکسین لگانے کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے پاکستان میں سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی اجازت کے بعد 19 اور 20 جنوری کو ویکسینیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد کو سائنو فارم کی ویکسین لگائی جاچکی ہے جو کہ تمام اماراتی شہریوں اور رہائشیوں کو مفت فراہم کی جارہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فائزر اور بائیو این ٹیک اور ویکسینز بھی لگائی جارہی ہیں، یو اے ای رواں برس کی پہلی سہ ماہی تک اپنی نصف آبادی کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید الزعابی نے کہا کہ یہ پروگرام سفارتخانے کی معاشرتی ذمہ داری سے وابستگی کی بنیاد اور معاشرے کی صحت کے تحفظ كیلئے کی جانے والی کوششوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم پر مبنی ہے۔