کراچی: سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزوں کا اجرا شروع نہ ہوسکا، عمرہ زائرین نے ٹکٹیں بک کرالی ہیں زائرین کی بھاری رقم پھنسنے کا اندیشہ ہے، سعودی حکومت نے اپنی نئی پالیسی کے تحت محرم الحرام کے مہینے میں بھی عمرہ ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا توقع ہے کہ عمرہ ویزوں کا اجرا جلد شروع ہوجائے گا۔
عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند حضرات میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ سعودی حکومت کی جانب سے تاحال عمرہ ویزے جاری نہیں کیے گئے، دوسری جانب عمرہ زائرین نے مختلف ایئرلائنوں سے اپنی ٹکٹیں بک کرالیں ،ذرائع کے مطابق بعض عمرہ زائرین نے نان ریفنڈایبل ٹکٹ بھی حاصل کیے ہیں ذرائع کے مطابق سعودی حکومت حج وعمرہ کی خدمات فراہم کرنے والی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کر رہی ہے جس کی وجہ سے رواں ماہ (محرم الحرام) میں عمرہ ویزوں کا اجرا شروع نہیں ہوسکا۔
سعودی حکومت نے اپنی آمدنی میں اضافے کیلیے محرم الحرام میں بھی عمرہ ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا موجودہ صورتحال کے پیش نظراگر عمرہ ویزوں کا عمل آئندہ چند دنوں میں شروع نہیں ہوا تو وہ عمرہ زائرین جنھوں نے ٹکٹ تک خرید لیے ہیں ان کیلیے مسائل پیدا ہوجائیں گے،واضح رہے کہ پاکستان سے ہرسال تقریباً دس لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب جاتے ہیں، زائرین کی زیادہ ترتعداد ربیع الاول، شعبان اور رمضان کے مہینوں میں سعودی عرب جاتی ہے۔