پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے پشاورسیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر امیرمقام نے کہا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت کے لئے 100 دن کا پلان پیش کیا لیکن وہ بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں 90 دن کا جو پلان پیش کیا تھا اس پر کتنا عملدرآمد ہوسکا ہے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ وہ بھوک سے مرجائے گا مگر قرضہ نہیں لے گا لیکن اپنے دور حکومت نے ریکارڈ قرضہ لے کر صوبے کے عوام کو مقروض بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 4 سال تک میٹرو کو جنگلہ بس دے کر گالیاں دینے والوں نے پشاور میں خود وہی منصوبہ شروع کیا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ کے پی کے عوام کے ساتھ ہر سطح پر ظلم ہورہا ہے جبکہ 2018 کے انتخابات میں عوام پی ٹی آئی کو مسترد کریں گے۔