یونیسکو نے بہت سی مشکلات کے باوجود تعلیم، ثقافت، سائنس اور مواصلات کے شعبوں میں سنگ میل کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔
یہ بات سفیر پاکستان برائے فرانس و مستقل رکن برائے یونیسکو معین الحق نے یونیسکو کے ایگزیگٹیو بورڈ کے 202 ویں اجلاس میں کہی جو کل پیرس میں منعقد ہوا۔
سفیر پاکستان معین الحق نے کہا کہ یونیسکو نے عالمی برادری کو دانشورانہ بحث اور مثبت طاقت کے استعمال کیلئے ایک مثالی پلیٹ فارم مہیاکیا ہے تاکہ قوموں کے درمیان امن اور خوشحالی کی حمایت کیلئے اجتماعی طور پر کام کرسکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بہتر، منصفانہ اور سماجی رواداری کیلئے کام کرتا رہے گا تاکہ پوری دنیا میں آنے والی نسلوں کیلئے امن قائم ہو سکے۔
سفیر پاکستان نے تنظیم کے لئے موثر اور قابل قدر خدمات پیش کرنے پر یونیسکو کی رخصت ہونے والی ڈائریکٹر جنرل محترمہ آرینا باکووا کی تعریف کی۔ اس اجلاس کے دوران نئے ڈائریکٹر جنرل کا بھی انتخاب کیا جا رہاہے۔ معین الحق نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب ہونے والے ڈائریکٹر جنرل یونیسکو کے رکن ممالک کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور یونیسکو کو مزید بہتر اور موثر بنانے کیلئے جرتمندانہ اصلاحات شروع کریں گے۔