پیرس: یونیسکو ہیڈ کوارٹر پیرس میں پاکستانی سائنٹسٹ ضابطہ خان شنواری کو سائنس میں پہلا ابن سینا ایوارڈ دیا گیا۔ ایک پروقار تقریب یونیسکو ہیڈ کوارٹر پیرس میں ہوئی جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل یونیسکو مادام ایرینا بوکوا نے کی۔ مادام ایرینا بوکوا نے اپنے خطاب میں ضابطہ خان شنواری کی سائنس اور انسانیت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر تعلیم بلیغ الرحمن کے علاوہ افغانی اور ایرانی وزیر تعلیم بھی موجود تھے۔ ضابطہ خان شنواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سائنس میں ترقی انسانیت کی خدمت کے لیے ہونی چاہئے نہ کہ انسانیت کی تباہی کے لیے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ اس ایوارڈ کے لیے میرا چناﺅ کیا گیا۔ انہوں نے وزیر تعلیم بلیغ الرحمن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ان کی اکیڈمی کے لیے ہمیشہ سپورٹ کی۔ اس موقع پر یونیسکو میں ایران کے سفیر نے مسلمان سائنسدان ابن سینا کے حوالے سے خطاب کیا۔ تقریب میں پروفیسرز، سکالرز، دانشوروں، ایران اور پاکستان کے سفراءاور دونوں ممالک کے نمائندوں سمیت کمیونٹی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ یاد رہے کہ پرفیسر ضابطہ خان شنواری پاکستان کے مایہ ناز پروفیسر ہیں وہ پاکستان سائنس اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری اور بائیوٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے انچارج بھی ہیں۔ پروفیسر شنواری دنیا کے چوتھے اور برصغیر کے پہلے پاکستانی ہیں جن کو یونیسکو نے ابن سینا ایوارڈ سے نوازا ہے۔ ایوارڈ میں ایک ڈگری، ایک سونے کا تمغہ اور دس ہزار امریکی ڈالر شامل ہیں۔ پروفیسر شنواری نے ایوارڈ کی رقم پاکستان میں تعلیم کے محکمے کے حوالے کردی ہے۔