لاہور; دنیا بھر میں اناج ذخیرہ کرنے کیلئے ایک مخصوص شکل کے کنٹینر استعمال کئے جاتے ہیں ایسے ہی کنٹینر نیوزی لینڈ میں بھی ایک جگہ بڑی تعداد میں موجود ہیں جو باہر سے تو عام کنٹینروں کی طرح نظر آتے ہیں لیکن ان کے اندر اناج کے بجائے ایسی چیز ہے کہ ہر دیکھنے والا دنگ رہ جائے ۔
رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ سے 45 منٹ کی مسافت پر موجود یہ کنٹینر اناج ذخیرہ کرنے کیلئے نہیں رکھے گئے بلکہ ان کے اندر عالیشان رہائش گاہیں بنی ہوئی ہیں، ان کنٹینروں کی اونچائی 8.7 میٹر ہے ،ان کے اندر بنائے گئے گھر ڈبل سٹوری ہیں، کنٹینر کے اندر ہی گولائی میں سیڑھیاں اوپر کی منزل پر جاتی ہیں۔
ان کے بیڈروم اسی بالائی منزل پر ہیں جن میں ایک ’’کوئین بیڈ‘‘موجود ہے ۔ یہ کنٹینر ایک فارم ہائوس کی ملکیت ہیں اور ان میں سے بعض میں مالکان خود رہائش پذیر ہیں جبکہ بعض کو ہوٹل بنایا گیا ہے جہاں لوگوں کو کرائے پر رہائش دی جاتی ہے چنانچہ آپ بھی اگر نیوزی لینڈ کی سیاحت کیلئے جائیں تو ان کنٹینرز میں رہائش سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔