نارتھ کیرولینا: مگرمچھ جھیلوں میں رہنے والے خونخوار اور سخت جان جانور ہیں۔ کرہ ارض پر یہ 18 کروڑ سال سے موجود ہیں اور زندہ رہنے کے لیے غیر معمولی تراکیب استعمال کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک منظر امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کی ایک جھیل میں بھی دیکھا گیا ہے۔
نارتھ کیرولینا کے مرکزی شہر شارلوٹ سے 200 میل کے فاصلے پر اوشن بیچ کے مقام پر ایک دریائی دلدل ہے جہاں کے مگر مچھ بڑے مشہور ہیں۔ یہاں ایک ہفتہ قبل شدید طوفان آیا تھا جس کے بعد جھیل منجمد ہوگئی تھی۔ ماہرین کا خیال تھا کہ اس تبدیلی سے مگر مچھ مر گئے ہوں گے لیکن ان کا یہ خیال غلط ثابت ہوا۔ ماہرین نے دیکھا کہ مگرمچھوں نے منجمد جھیل سے اپنا منہ باہر نکالا ہوا تھا اور وہ دھیرے دھیرے سانس لے رہے تھے۔ ماہرین نے گھنٹوں تک اس کیفیت کا مشاہدہ کیا تو معلوم ہوا کہ مگرمچھوں نے خود کو زندہ رکھنے کے لیے یہ تدبیر اختیار کی ہے۔
اس موقع پر پارک کے جنرل مینیجر جارج ہوورڈ نے بتایا کہ یہ جانور لاکھوں کروڑوں سال بعد بھی نہیں بدلا اور اپنی بقا کے لیے زبردست طریقے اختیار کرتا ہے جو مگرمچھوں کو بہت سخت جان بناتے ہیں۔ مگرمچھ ایک طرح کی سرما خوابی (ہائبرنیشن ) میں چلے جاتے ہیں۔ سخت سردی اور برف میں ان کا میٹابولزم (جسمانی اندرونی نظام) سست ہوجاتا ہے۔ وہ سانس کم لیتے ہیں لیکن برف سے اپنی تھوتھنی باہر نکال کر کئی روز تک سانس لیتے رہتے ہیں کیونکہ منجمد جھیل میں انہیں رہنے اور بار بار باہر آکر سانس لینے میں مشکل پیش آتی ہے۔ مگر مچھ کی اس حیرت انگیز ویڈیو اور تصاویر نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہیں۔