ابوظہبی (نیوز ڈیسک ) نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کے اعلی ترین سول اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ، بھارتی وزیراعظم اگلے خلیجی ممالک کے دورے کے سلسلے میں ابوظہبی پہنچیں گے، بعد ازاں بحرین کا دورہ بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے سے قبل ان کیلئے اہم اعلان کیا ہے۔ایک ایسا موقع جب بھارت ظالمانہ طور پر کشمیر پر قبضہ کر چکا ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، ایسے وقت میں اسلامی ملک متحدہ عرب امارات بھارتی اقدامات کی مذمت کرنے کی بجائے بظاہر اس کی حمایت کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے علاوہ بحرین کا دورہ بھی کرے گا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیلئے اعلی ترین اعزاز کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی آمد پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کے اعلی ترین سول اعزاز سے نوازا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کو اپنے اس اعلان اور فیصلے کے بعد خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے مسلسل اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا شدت پسند نریندر مودی پورے خطے کا جنگ میں دھکیل سکتا ہے۔ مودی پاکستان کیخلاف جنگ چھیڑنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ جبکہ بھارتی حکومت کے وزراء کے بیانات بھی ان خدشات کو درست ثابت کر رہے ہیں۔ بھارتی وزراء تو پاکستان پر ایٹمی حملے تک کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ ایسے میں پاکستان بھی اپنے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ اور پاکستانی حکام کی جانب سے بھارتی وزرا کے بیان بازی کو محض گیڈر بھبھکیاں ہی قرار دیا جارہا ہے.