برسلز……برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔معاہدے کے تحت برطانیہ کو یورپی یونین میں رہتے ہوئےخصوصی درجہ حاصل ہوگا۔
برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کے دوران برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور یورپی یونین کے رہنماوں کے درمیان چوبیس گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے جس میں ڈیوڈ کیمرون نے اصلاحاتی منصوبہ پیش کیا ۔ انہوں نے پناہ گزینوں کی منسوخی اور سماجی مفادات سمیت متعدد معاملات پر برطانیہ کو خصوصی اختیارات مانگے۔اجلاس کے بعدیورپیئن کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے معاہدے کا اعلان کیا۔ معاہدے کے تحت فلاح و بہبود کے لیے ادائیگیوں کو سات سال کے لیے ہنگامی طور پر روکا جانا شامل ہے۔ جبکہ چائلڈ بینیفٹ بھی روکے جاسکیں گے۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ معاہدہ ان کے لیے یورپی یونین میں رہنے کی تجویز دینے کے لیے کافی ہے۔وہ اس معاہدے کو آج اپنی کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔ جس کے بعد تمام وزرا کو ممکنہ طور پر جون میں ہونے والے ریفرنڈم کے حق یا مخالف میں مہم چلانے کی آزادی ہوگی۔