اسلام آباد (یس ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی نامزد مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات اسلام آباد میں سابق رکن قومی اسمبلی اور نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پرہوئی۔
جماعت اسلامی کے بیان کے مطابق سراج الحق نے ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ وہ توہین آمیز خاکوں کے مسئلے پر اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھائیں اور اس سلسلے کو بند کرانے کی کوشش کریں، اقوام متحدہ کو عالمی امن یقینی بنانے کیلئے انبیائے کرام اور آسمانی کتب کے احترام کے لیے فوری قانون سازی کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وہ عالمی برادری کو پاکستان کے مسائل سے آگاہ کرنے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں سے کام لیں گی۔