واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کا کہنا ہے کہ امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں جب کہ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کا کوئی خواہش مند نہیں ہے۔
Ups and down keeping from USA, Aizaz Chaudhry
واشنگٹن ڈی سی میں اکتیسویں سالانہ پاکستانی فیسٹیول میں پاکستانیوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں بطور قوم 70 سالہ کامیابیوں پر فخر ہے، پاکستان اقوام عالم میں مضبوط، قابل فخر اور خود مختارملک کے طور پر کھڑا ہے، اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی اور معاشی طور پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، یقین ہے قائداعظم کے ویژن کے مطابق قابل فخر پاکستان بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا، ملک سماجی واقتصادی ترقی کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں جب کہ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کا کوئی خواہش مند نہیں ہے۔