کراچی(نیوزلائن)آئی جی سندھ اللہ ڈینو خواجہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی گاڑی پر حملے میں شہری تعاون کرتے تو ملزم فرار نہیں ہوسکتے تھے۔شہریوں کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ گھر میں سجانے کے لیے نہیں ہے،اپنے دفاع میں استعمال کریں ۔کراچی سینٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ پولیس شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ صرف جولائی میں شہر کے مختلف علاقوں میں 490 پولیس مقابلے ہوئے ، ہر روز 3 سے 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا جارہا ہے۔ پولیس کی کارروائیوں کی بدولت ہی شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ امجد صابری کیس میں پیش رفت ہوئی ، اس پر میں بات نہیں کرنا چاہتا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاک فوج کے اہلکاروں پر کئے گئے حملے میں عوام تعاون کرتے تو ملزم فرار نہیں ہوسکتے تھے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ لائسنس والا اسلحہ گھر میں سجانے کے لیے نہیں ہوتا ، شہری اسے اپنے دفاع کے لیے استعمال کر یں ۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دو روز قبل ناظم آباد میں 2 ڈاکووں کو مارنے والے شہری کو 50 ہزار روپے انعام بھی دیا۔