کراچی کے علاقے اردو بازار کی عمارت میں رینجرز نے دہشت گردوں کے زیراستعمال فلیٹ کو سیل کردیا، رینجرز نے تحقیقات کے لئے فلیٹ کے مالک اور دہشت گردوں کے چار ضامنوں سمیت 10 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ڈی آئی جی کی سربراہی میں جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور شواہد جمع کئے۔
گزشتہ شب کراچی کے علاقے اردو بازار میں رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان جہاں مقابلہ ہوا، اس فلیٹ کو رینجرز نے سیل کردیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان نے فارنزک ٹیم کے ہمراہ فلیٹ کا دورہ کیااور واقعے کی جگہ کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق چائے کے ہوٹل کا مالک فلیٹ کا بھی مالک ہے، اس نے اپنے رشتے داروں کورہائش کے لیے فلیٹ دیا تھا جنہوں نے دو سے تین ماہ قبل یہاں رہائش اختیار کی تھی ۔ قریبی رہائشیوں کا کہنا ہےکہ ان کا علاقے میں کسی سے ملنا جلنا نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق فلیٹ کے مالک کو رینجرز نے حراست میں لے لیاہے، تحقیقاتی حکام ،فارنزک ٹیم کے سروے اور شواہد جمع کرنے کے بعد کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔