پیشاب کی نالی میں سوزش کافی تکلیف دہ مرض ہوتا ہے جس کے بارے میں بات کرتے
ہوئے کافی لوگ ہچکچاتے بھی ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس سوزش یا یو ٹی آئی کی علامات انتہائی واضح ہوتی ہیں بلکہ اکثر انہیں بیماری کے آغاز سے پہلے ہی پہچانا جاسکتا ہے؟
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سوزش کی علامات واضح ہوتی ہیں مگر اکثر افراد انہیں نظرانداز کردیتے ہیں۔
تاہم اگر آپ پیشاب کی نالی کے مرض کی شناخت کرنا چاہتے ہیں تو ان علامات کو ضرور یاد رکھیں۔
ہر وقت پیشاب کی خواہش
یہ یوٹی آئی کی عام علامت ہے جس میں آپ کو ہر وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پیشاب آرہا ہے چاہے آپ ابھی واش روم سے ہی ہو کر کیوں نہ آئے ہو، آپ کو اس حوالے سے ایمرجنسی کا احساس بھی ہوسکتا ہے یعنی ابھی فوراً جانا ضروری ہے وغیرہ۔
بہت کم پیشاب آنا
جب آپ واش روم جائیں تو پیشاب بہت کم آئے، آپ کو محسوس ہو کہ مزید کرنا ہے مگر کوشش کے باوجود نہ ہوسکے یا آپ کو اطمینان نہ ہو۔
جلن کا احساس
اس بیماری کے دوران واش روم جانے پر جلن کا احساس ہوسکتا ہے، آپ کو ایسا لگتا ہے کہ یہ کام انتہائی تکلیف دہ ہے، اس کے علاوہ درد بھی ہوسکتا ہے، دونوں صورتوں میں یہ خرابی کی ہی علامت ہوتا ہے۔
خون آنا
یو ٹی آئی کے مرض میں اکثر پیشاب میں خون آتا ہے تاہم ضروری نہیں کہ ہر کسی کے ساتھ ایسا ہو، اسی طرح وہ دیکھنے میں دھندلا بھی ہوسکتا ہے۔
بو آنا
مثانے میں کسی بھی قسم کے انفیکشن کے نتیجے میں پیشاب کی بو بہت بری جاتی ہے، اگر آپ کو بھی بدبو کے ساتھ اوپر دی جانے والی علامات میں سے کسی کا تجربہ ہو تو یہ یوٹی آئی کا مرض ہوسکتا ہے،اس صورت میں گھبرانا نہیں چاہیے اور پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہیے اگر آپ بار بار پانی پیتےرہیں اور آپ کو پیشاب بھی آئے تو یہ انفیکشن خودبخود بھی ختم ہوسکتا ہے گنے کا رس، املی آلو بخارے کا شربت اس حال میں مفید ہو سکتا ہے۔پرہیز بھی نہائت ضروری ہے اگر افاقہ نہ ہو تو اس صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اس کی ہدایات کے مطابق فوری ٹیسٹ کروائیں۔