امریکی صدر ٹرمپ او ر روسی صدر پیوٹن میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں شام میں تشدد کے خاتمے اور داعش کے خلاف مل کر لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولاد میر پیوٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنمائوں نے شام میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ میں شدت پسند تنظیم داعش اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا اور اس بات پر بھی زور دیا کہ شام میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس کے لیے دونوں رہنمائوں نے مذاکرات کی اہمیت سے بھی اتفاق کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنمائوں نے شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے پر بھی بات چیت کی۔