واشنگٹن………امریکی حکومت نےپاکستان کو 8 ایف 16 لڑاکا طیارے دینے کی منظوری دے دی۔ لڑاکا طیاروں کے علاوہ جدید ریڈار اور دیگر فوجی سامان بھی فراہم کیاجائےگا ۔ پاکستان کو فراہم کیے جانے والے ایف 16 لڑاکا طیاروں اور دیگر فوجی ساز و سامان کی کل مالیت تقریباً 70 کروڑ ڈالر ہے۔
پینٹاگون کی ڈیفنس سیکورٹی کارپوریشن ایجنسی نے اس ڈیل سے متعلق کانگریس کو آگاہ کردیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، پاکستان کو اسلحے کی فراہمی سے خطے میں امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی مفادات کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی اور خطے میں فوجی توازن متاثر نہیں ہو گا۔ اس سے قبل امریکی سینیٹ کی خا رجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب کورکر نے پاکستان کو ایف 16 طیارے فراہم کیے جانے کی مخالفت کی تھی۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کو تحریر کیے گئے ایک خط میں باب کورکر نے کہا کہ پاکستان کے حقانی گروپ سے روابط ہیں، اس لیے ایف 16 طیارے فروخت نہ کیے جائیں ، تاہم واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان ندیم ہوتیانا نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔