آستانہ: شامی شہر رقہ میں امریکی اتحادی فوج کی داعش کے خلاف بمباری کے دوران ایک ہفتے میں 170 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اتحادی فوج نے رقہ میں ایک ہفتے کے دوران 250 بار داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے، رقہ پر شامی حکومت کے مکمل کنٹرول کیلیے شدید لڑائی جاری ہے، امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے 6 جون کو داعش کے زیر قبضہ اس اہم علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کیلیے جنگی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
دوسری جانب شامی صدر بشار الاسد دمشق میں منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، اتوار کے دن دمشق میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد بشار الاسد نے جیسے ہی اپنی تقریر ختم کی تو اس عمارت کو ایک راکٹ سے نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک ٹریڈ فیئر منعقد کیا جا رہا تھا، شام میں خانہ جنگی کے باعث یہ ٹریڈ میلہ 5برس بعد پہلی مرتبہ منعقد کیا جا رہا تھا تاہم سرکاری سطح پر اس حملے کی تصدیق تو کی گئی ہے لیکن ہلاکتوں کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔