اوباما انتظامیہ نے نائن الیون حملوں کے بعد مسلمانوں اور عرب باشندوں پر نظر رکھنے کے لیے شروع کیا گیا پروگرام منسوخ کردیا ہے ۔
اس فیصلے کا مقصد نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے امریکا داخلے سے قبل سخت اسکروٹنی کے منصوبے کو روکنا ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ پروگرام 2011 میں عملا ًروک دیا گیا تھا تاہم مکمل طور پر ختم نہیں ہوا تھا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خوف تھا کہ ٹرمپ برسر اقتدار آنے کے بعد اسے مسلمانوں کی رجسٹریشن کے لیے دوبارہ شروع کرسکتے ہیں ۔ہوم لینڈ سیکورٹی کے مطابق اس پروگرام کو اب فوری طور پر ختم کردیا گیا ہے ۔ 5 برس پہلے اسے عملاً روک دیا گیا تھا کیونکہ اسے بے سوداور غیر موثر پایا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں سیکورٹی بڑھانے میں کوئی مدد نہیں ملی تھی ۔