نیو جرسی :امریکا میں طوفانی بارشوں نے ریاستوں نیو جرسی، نیویارک اور پنسلوینیا کو ڈبو دیا، نیو جرسی میں جزوی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، امریکا میں گزشتہ ہفتے کے روز شروع ہوئی بارشوں نے کاروبار زندگی معطل کر دیا۔
ریاستوں نیو جرسی، نیویارک اور پنسلوینیا میں سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں، نیو جرسی شہر، سپرنگ لیک اور لٹل فالز کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، مضافاتی علاقے برک ٹاؤن شپ میں کشتیوں کے ذریعے گھروں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا گیا۔ ریاست میں جزوی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔
ادھر نیویارک کے علاقے بنگ ہیمٹن میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ریاست پینسلوینیا میں بھی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور حکام نے ایمرجنسی اداروں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔