واشنگٹن: امریکا ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد اپنی نئی پالیسی کا اعلان پیر کے روز کرے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد اپنی نئی پالیسی مرتب کرلی ہے۔ امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو 21 مئی کو نئی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی امریکی پالیسی کے مندرجات پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے شعبہ پالیسی کے سربراہ برائن ہُک کے مطابق پومپیو اس پالیسی میں نئے سفارتی روڈ میپ کا اعلان کرتے ہوئے امریکی حکومت کی متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی ترجیحات کو بیان کریں گے ۔ اس کے علاوہ نئے سکیورٹی فریم ورک کے خد وخال بھی واضح کیے جائیں گے۔
امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوریت کا کہنا تھا کہ امریکا کی پوری کوشش ہے کہ اتحادیوں کو ایک مرتبہ پھر سے ساتھ ملایا جائے اور تمام ممالک کی رائے پر مشتمل ایک کثیر الجہتی سوچ کو اپنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری معاہدے کی توثیق کے موقع پر اس معاہدے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد ایران میں کام کرنے والی کمپنیوں اور چند افراد پر سخت پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔