اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ امریکا کا بھارت کے ساتھ لاجسٹک اور میری ٹائم معاہدہ خطرے کی گھنٹی ہے جب کہ بھارت چین کو روکنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے بحر ہند میں پاکستان کو سیکیورٹی کے چیلنجز کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تناظر میں میری ٹائم سیکیورٹی کا تصور اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دنیا بھر کے دریاوٴں اور سمندروں سے منسلک ہے اور اس کے اہم جز سمندر، گورننس اور سلامتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری سلامتی کئی جہتوں پر مشتمل ہے، یہ کسی صورت ایک محدود تصور نہیں، خطے میں امریکا کی 3 لاکھ 60 ہزار فوج موجود ہے اور بھارت چین کو روکنے کی تیاریوں میں مصروف ہے، پاکستان خطے کے دیگر ممالک کے لئے بیرونی دنیا تک رابطے کا گیٹ وے ہے۔ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ اگر راحیل شریف سعودی فوجی اتحاد کے سربراہ بنتے ہیں تو وہ امت مسلمہ کے اتحاد کا سبب بنیں گے، جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اپنے تجربات اور سوچ کے ساتھ مسلم ممالک کی باہمی غلط فہمیوں کو دور کریں گے جس سے ایران سمیت اتحاد مخالف ممالک کو بھی فائدہ ہو گا۔ مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن سے ہی روس اور وسطی ایشائی ریاستوں کو سی پیک سے فائدہ ہو گا، ہمیں ہر صورت افغانستان سے تعلقات بہتر بنانا ہوں گے، مشرقی اور مغربی محاذ میں سے مغربی محاذ کو بہتر تعلقات سے بند کرنا ہو گا، بھارت نے بھی دو محاذ کھول رکھے ہیں جو گھاٹے کا سودا ہے، بھارت کے دونوں محاذ ایٹمی طاقتوں کے خلاف ہیں۔