counter easy hit

افغانستان سے امریکی انخلا وقت سے پہلے شروع، پولیس مین کا رول ختم، ایسا حملہ کرینگے کہ پہلے کبھی نہ ہوا ہو،

اسلام آباد(یس اردو نیوز) افغانستان میں سیاسی مفاہمت اورطالبان کیساتھ امن معاہدے کے مقصد کے حصول کے بعد امریکی افواج کا انخلا طے شدہ وقت سے پہلے ہی شروع ہوگیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب عید الفطر کے موقع پر 3 روز کی تاریخی جنگ بندی کے بعد افغانستان کی طویل جنگ کے اگلے مرحلے سے متعلق سوال اٹھ رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر اعلان کردہ جنگ بندی 26 مئی کی رات کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد افغان شہری بے چین تھے کہ اس میں توسیع ہوگی یا دوبارہ جھڑپوں کا آغاز ہوگا۔ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد بھی تشدد کی سطح کم رہی لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کے جنوبی علاقے میں فضائی حملے کیے جس میں 18 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
رواں برس فروری میں طالبان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت مئی 2021 میں غیر ملکی افواج کے مکمل انخلا سے قبل پینٹاگون کو فوجیوں کی تعداد جولائی کے وسط تک 12 ہزار سے کم کرکے 8 ہزار 6 سو کرنی تھی۔ تاہم امریکا کے سینئر دفاعی عہدیدار نے کہا کہ فوجیوں کی تعداد پہلے ہی ساڑھے 8 ہزار کے قریب ہے کیونکہ کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر کمانڈرز انخلا میں تیزی لارہے ہیں۔ انہوں نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی وجہ سے انخلا میں تیزی لائی گئی لیکن اس سلسلے میں صحت کے خدشات یا ایک مخصوص عمر کو ترجیح دی جارہی ہے۔ 2 روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اس وقت امریکی سپاہیوں کی تعداد 7 ہزار تک ہے۔اس کے اگلے روز ہی انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کو افغانستان میں ‘پولیس فورس’ کا کردار نہیں ادا کرنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ 19 سال کے بعد اب وقت آیا ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے پولیسنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں کو وطن واپس لائیں لیکن قریب سے دیکھیں کہ کیا ہورہا ہے اور اگر ضرورت پڑے تو ایسا زوردار حملہ کریں جو پہلے کبھی نہ ہوا ہو۔ پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمپ بیل نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا، طالبان سے کیے گئے معاہدے پر قائم ہے۔گزشتہ روز جنگ بندی کے خاتمے کے باوجود تشدد میں اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا جبکہ جنوبی صوبے زابل میں فضائی حملے کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں افغان شہریوں نے 19 سالہ جنگ کے دوران غیر معمولی جنگ بندی کا لطف اٹھایا جو طویل جنگ کے دوران صرف دوسری مرتبہ ہی نافذ کی گئی تھی۔
صوبائی پولیس کے ترجمان لعل محمد امیری نے خبررساں ادرے کو بتایا کہ ضلع شاہ جوئے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے جواب میں فضائی حملوں میں 18 جنگجو ہلاک ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن میں 3 بچے بھی زخمی ہوئے لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ جنگجوؤں کا تعلق کس گروہ سے تھا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کہا کہ حکومت کے فضائی حملے میں 5 شہری ہلاک یا زخمی ہوئے جن میں 4 بچے بھی شامل تھے۔

افغانستان کے آزاد انسانی حقوق کمیشن کے مطابق جنگ بندی کے دوران شہری ہلاکتوں میں 80 فیصد کمی آئی۔

کمیشن نے کہا کہ رمضان میں یومیہ بنیادوں پر اوسطاً 30 شہری ہلاک یا زخمی ہوتے تھے لیکن جنگ بندی کے دنوں میں یہ تعداد کم ہو کر 6 ہوگئی۔

واضح رہے کہ طالبان نے عید الفطر کے موقع پر ملک میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جسے نہ صرف افغان حکومت بلکہ اس کے پڑوسی ممالک اور افغان جنگ میں اہم ترین حریف امریکا نے بھی سراہا تھا۔

بعدازاں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا تھا۔

افغان صدر اشرف غنی نے اعلان کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے عید الفطر پر 3 روز کی جنگ بندی کے اقدام کے بعد جذبہ خیر سگالی کے تحت افغان حکومت مزید 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کردے گی۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website