کراچی : بھارتی ذرائع ابلاغ نے امریکی کانگریس کی ایک اندرونی رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکا پاکستان کو 14 لڑاکا طیارے، 59 فوجی ٹرینر جیٹ اور 374 بکتر بند گاڑیاں فراہم کرے گا۔افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے ساتھ ہی اوباما انتظامیہ پاکستان کو دفاعی سازوسامان فراہم کرے گی۔
افغانستان اور عراق کے جنگی زون میں سے زیادہ تر اہم دفاعی سازوسامان ‘Excessive Defence Article زمرے کے تحت پاکستان کو منتقل کیا جائے گا۔بھارت نے ماضی میں امریکا کی طرف سے جنگی زون سے سازوسامان کی پاکستان کو منتقلی کی مخالفت کی تھی، بھارت کو خدشہ ہے کہ ان کے خلاف جنگی طیارے استعمال کیے جائیں گے۔کانگریشنل ریسرچ سروس (CRS) کی طرف سے تیار کردہ اس اندرونی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بلاک 52کے 18 جنگی طیارے F-16C/D فائٹنگ فالکن کی اپنے قومی فنڈز سے مکمل ادائیگی کردی ہے یا کر ے گا، ان جنگی طیاروں کی قیمت ایک ارب 43کروڑ ڈالر ہے، اس میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے پانچ سو ایم رام میزائلوں سمیت ایف سولہ کا سازوسامان شامل ہے۔
اس کے علاوہ 1450 سے 2000 پونڈ بم، گرییوٹی بموں کے لئے پانچ سو JDAM ٹیل کٹس اور سولہ سو Enhanced Paveway لیزر گائڈڈ کٹس شامل ہیں، ان سب کی لاگت 629ملین ڈالر ہے۔ پاکستان نے 100 ہاپون اینٹی شپ میزائلوں کی 298ملین ڈالر کی ادائیگی کردی ہے جن میں 95ملین ڈالر کے فضا سے فضا میں مار کرنے والے پانچ سو سائیڈ ونڈر میزائل اور 80 ملین ڈالرکے 60 نیوی گنز Phalanx Close-In Weapons System شامل ہیں۔ پینٹاگون کے بجٹ میں اتحادی سپورٹ فنڈ کے تحت پاکستان نے 235 ملین ڈالرمالیت کے Bell 412EP نامی 26 ہیلی کاپٹر حاصل کیے۔
پاکستان 891 ملین ڈالر کی ایف سولہ طیاروں کی ساٹھ مڈلائف کٹس حاصل کررہاہے۔فرنٹیئر کور اور پاکستان انسداد بغاوت فنڈ حکام کے تحت امریکا نے پاکستان کو کثیر جہتی چار ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر فراہم کیے، مزید چھ ہیلی کاپٹر عارضی بنیادوں پر دیئے جن کی کوئی قیمت وصول نہیں کی، اس کے علاوہ چار کنگ ایئر 350 سرویلنس طیارے اور 450 گاڑیاں فراہم کی ہیں۔
پاکستان نے امریکا سے دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کے لئے 20 بفیلو گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اسپیئر پارٹس، دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے والے آلات، نائٹ وژن ڈیوائسز، ریڈیوز، باڈی آرمزر، ہیلمیٹ، فرسٹ ایڈ کٹس، لیٹرز اور انفرادی فوجی سازوسامان وصول کیا۔ بین الاقوامی فوجی تعلیم وتربیت اور دیگر پروگراموں کے ذریعے امریکا نے دو ہزار پاکستانی فوجی افسران کو تربیت دی اور فنڈز مہیا کیے۔ گزشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ نے 952 ملین ڈالر کے 15 وائپر اٹیک ہیلی کاپٹر اور ایک ہزار ہل فائر میزائلوں کے سودے کی منظوری دی۔