امریکی صدر کے انتخاب میں ایک روز رہ گیا ہے۔ ریپپلکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کی کوششیں زوروں پر ہیں۔
ٹرمپ نے ہلیری کو کرپٹ ترین سیاستدان قرار دے دیا ہے، جبکہ ہلیری کا کہنا ہے یہ انتخاب تقسیم اور اتحاد کے درمیان انتخاب ہے۔ پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہلیری ان کے خلاف بدترین زبان استعمال کررہی ہیں۔
صدرمنتخب ہوا تو اوباما کیئر پروگرام کو ختم کرونگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہلیری کلنٹن کرپٹ ترین سیاست دان ہیں، وہ صدر بننے کی اہل نہیں ہیں۔
الاسکا کی سابق گورنر سارہ پالن بھی ٹرمپ کی حمایت میں میدان میں آگئیں۔ ان کا کہنا تھا ہلیری خاتون ہونے کا فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہیں۔ ادھر پٹس برگ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو قریب لانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کو سنیں اور احترم کریں۔ کل ہونے والا انتخاب ایک آغاز ہے۔
امریکی صدربارک اوباما نے مشی گن میں ہلیری کلنٹن کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام منقسم سوچ اور کم ظرف سیاست کے حامل ٹرمپ کو مسترد کردیں۔
عوام سے گزارش ہے جو میرے لیے کیا وہ ہلیری کے لیے بھی کریں، تاریخ کا دھارا درست سمت میں موڑنے کا اس سے بہتر موقع نہیں آئے گا۔ صدر اوباما نے کہا کہ ایک خاتون کو صدر منتخب کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کمانڈر ان چیف بننے کے اہل نہیں اور ایک خاتون کو صدر منتخب کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔