اسلام آباد(ایس ایم حسنین)امریکہ اورپاکستان کے درمیان پاکستان سے چوری ہونے والے دوسری صدی کے گندھارا دور کے بیش قیمت نوادرات کی واپسی کا معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدے کے تحت امریکہ نےگند ھارادور کے چوری ہونے والے نوادرات پاکستان کو واپس کردیئے ۔ دوسری صدی کے بدھا دور کے یہ نوادرات پاکستان کے حوالے کرنے کے لئے پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نیویارک کائونٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی سائرس ونس اور قونصلر جنرل عائشہ علی نے چرائے گئے نوادرات کی واپسی کے معاہدہ پر دستخط کئے۔ تقریب میں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے ڈپٹی سپیشل ایجنٹ ایریک روز بلاٹ بھی موجودتھے ۔ پاکستانی قونصلر جنرل نے چوری ہونے والے پاکستانی ثقافتی نوادرات کی بازیابی کے لئے کوششوں پر نیویارک کائونٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی محکمہ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے اسے پاکستان اور امریکاکی دوستی کا اہم مظہر قرار دیا ۔ تقریب میں بازیاب کئے گئے نوادرات بھی حاضرین کو دکھائے گئے ۔