روس نے امریکا اور جاپان کی جانب سے شمالی کوریا کو تنہا کرنے کی کوششوں کی مخالفت کردی، کہا ہے کہ امریکا شمالی کوریا کو تباہ کرنے کا بہانہ ڈّھونڈ رہا ہے تو کھل کر اظہار کرے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کہتے ہیں کہ شمالی کوریا پر مزید پابندیاں لگا کر دباؤ ڈالنے کی کوشش ناکام ہوچکی۔ امریکا کے شمالی کوریا سے مذاکرات نہ کرنے پر سرگئی لاروف نے اظہارِ مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقوں سے بڑھی ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کر کے خود کو جنگ کے قریب کر دیا ہے۔ ادھر شمالی کوریا نے فائر کیے گئے نئے بیلسٹک میزائل کی تصاویر جاری کردیں۔ ماہرین کی رائے ہے کہ شمالی کوریا کا نیا بیلسٹک میزائل پہلے فائر کیے گئے میزائلوں سے کہیں بہتر ہے۔